پوری قوم اپنی فورسز کے پیچھے کھڑی ہے ، تمام تر قوت کے باوجود وزیر اعظم مفاہمت کے خواہاں ہیں؛ طاہر محمود اشرفی

45

 لاہور، 31 اکتوبر (اے پی پی): وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ  پوری قوم اپنی فورسز کے پیچھے کھڑی ہے، تصادم کا رستہ لینے والے جان لیں کہ ریاست کمزور نہیں ہوتی، تمام تر قوت کے باوجود وزیر اعظم مفاہمت کے خواہاں ہیں۔

ان خیالات کا  اظہار  انہوں  نے   میو ہسپتال آمد اور کالعدم تنظیم سے تصادم میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی عیادت کے موقع پر کیا۔انہوں نے  زخمی پولیس  اہلکاروں   کو  گلدستے پیش کئے اور جلد صحت یابی کی دعا دی۔

 حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ   وزیر اعظم کی ہدایت پر زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کیلئے علماء کے وفد کے ساتھ آیا ہوں، ہمیں اپنے جوانوں پر فخر ہےاور پوری قوم اپنے اداروں کے پیچھے کھڑی ہے، مظاہرین اور دھرنا دینے والوں نے پولیس والوں کو اغواکیا، پھر تشدد ہوا اور قوم یہ سب کچھ دیکھ رہی ہے،امید ہے جلد مسئلہ حل ہوگا۔

نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی  نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے سیرت اتھارٹی قائم کی گئی، ناموس رسالتﷺ کا مقدمہ جس طرح وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان عمران خان نے لڑا کسی اور مسلمان حکمران نے نہیں لڑا، عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی کاوشوں سے اب اقوام متحدہ کی سطح پر غور ہو رہا ہے کہ توہین رسالتﷺ کے منفی اقدامات کی قانوناً روک تھام ہونی چاہیے تاکہ مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح نہ ہوں، مسلمان تمام رسولوں اور انبیاء علیہ اسلام  کی تعظیم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ  تصادم کرنے والے جان لیں کہ ریاست کمزور نہیں ہوتی اور تمام تر قوت کے باوجود حکومت مفاہمت سے مسائل کرنا چاہتی ہےعشق رسول ﷺ میں نعرہ زن کوئی شخص یا فورسز کے افراد زخمی ہوں تو ہمیں سب کا دکھ ہے کیونکہ ہم سب پاکستانی ہیں علماء کونسل مفتی منیب الرحمن اور سب علما و مشائخ اس کوشش میں ہیں کہ یہ مسئلہ پرامن طور پر جلد حل ہو۔