اسلام آباد، 13 اکتوبر(اے پی پی ): وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پورے ملک میں 12 ربیع الاول کو شایانِ شان طریقے سے منایا جائے گا، پورے ملک میں اس حوالے سے تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت 12 ربیع الاول کی تقریب کی تیاریوں کے حوالے سے اعلی سطح کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں وزیرِ اعظم کو 12 ربیع الاول کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم عمران خان نے اجلاس کے دوران بتایا کہ اسلام آباد میں 12 ربیع الاول کی تقریب ملکی تاریخ کی سب سے بڑی تقریب ہوگی۔
اجلاس میں وفاقی وزراء فواد احمد چوہدری، نور الحق قادری، شفقت محمود، معاونینِ خصوصی شہباز گِل، عثمان ڈار، سینیٹر فیصل جاوید، رکنِ قومی اسمبلی عامر محمود کیانی اور متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ گورنر سندھ عمران اسماعیل، سینیٹر سیف اللہ نیازی اور ڈاکٹر عطاء الرحمن کی وڈیو لنک کے ذریعے شریک تھے ۔











