ڈالر کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث 88 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ، اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی خریدو فروخت کرنے والی 5 بڑی کمپنیوں کے آڈٹ کا فیصلہ کیا ہے،وزیر داخلہ شیخ رشید احمدکی پریس کانفرنس

7

اسلام آباد۔11اکتوبر  (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ڈالر ہورڈنگ میں ملوث 88 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ 47افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی خریدو فروخت کرنے والی 5 بڑی کمپنیوں کے آڈٹ کا فیصلہ کیا ہے،دو دو شناختی کارڈ رکھنے والوں کی جرمانہ فیس 10 ہزار سے کم کرکے 5ہزار کردی ہے، جعلی ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ بنانے والوں کیخلاف ایف آئی اے کارروائی کررہی ہے،ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی تدفین ایچ ایٹ قبرستان میں کرنے کا فیصلہ ان کے اہل خانہ کا تھا۔ پیر کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر کی نماز جنازہ پر وزارت داخلہ نے بہترین انتظامات کئے اور محسن پاکستان کو وزارت داخلہ نے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی  ہدایت تھی کہ ڈاکٹر عبدالقدیر کی تدفین فیصل مسجد میں کی جائے، لیکن گھر والوں کی مرضی سے انہیں ایچ ایٹ قبرستان میں سپردخاک کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ میری ذاتی کوشش تھی کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی تدفین فیصل مسجد میں کی جائے لیکن ان کی تدفین ان کے خاندان کی مرضی سے ایچ ایٹ قبرستان میں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے جنازے میں بارش کے باوجود بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور دیگر شہروں میں بھی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔انہوں نے بھر پور انتظامات پر وزارت داخلہ ،پولیس، سی ڈی اے ، انتظامیہ، پاک فوج کے اہلکاروں اور رینجر کو خراج تحسین پیش  کیا ۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ ڈالر کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے 88 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ 47 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی خریدو فروخت کرنے والی 5 بڑی کمپنیوں کے آڈٹ کا فیصلہ کیا ہے۔