کوئٹہ؛گوادر کسٹمز نے منشیات اندرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی،435 کلو گرام اعلی کوالٹی چرس برآمد

13

کوئٹہ، 23اکتوبر اے پی پی ): گوادر کسٹمز نےبڑے پیمانے پر منشیات اندرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے کورکھیڑا کسٹمز چیک پوسٹ پر  435 کلو گرام اعلی کوالٹی چرس پکڑ لی ہے ،جس کی قیمت  10 کروڑ روپے   بنتی ہے۔

  ترجمان کسٹم کے مطابق  کوئٹہ کراچی    مین آر سی ڈی روڈ پر واقع کورکھیڑا کسٹمز   چیک پوسٹ پر ایک ٹرک  جو کباڑ سے لدھا ہوا تھا جب روکنے کے لیے اشارہ کیا گیا تو اس نے  بھگانے کی کوشش کی، کسٹمز حکام نے ٹرک  کا پیچھا کیا  تو  ڈرائیور  گاڑی چھوڑ کر  قریبی علاقے میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ٹرک میں  خفیہ خانوں بنائے گئے تھے  جن میں خفیہ طریقے سے چھپائی گئی چرس برآمد ہوئی۔

ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے، یہ کارروائی  گوادر کسٹمز نے  خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی۔

 واضح رہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور ممبر کسٹمز طارق ہدا کی جانب سے اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے سخت ترین اقدامات کی ہدایات کی گئی ہے۔ کچھ عرصہ پہلے بھی اسی روٹ پر کسٹمز نے ہزاروں کلو گرام چرس برآمد کی ہے۔