دوبئی ۔23اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں امن و استحکام چاہتا ہے، افغان حکومت کو یکطرفہ طور پر تسلیم نہیں کریں گے، افغانستان کی صورتحال براہ راست پاکستان پر اثر انداز ہوتی ہے، بھارت کے ساتھ تعلقات میں بہتری کیلئے سب سے بڑی رکاوٹ نریندر مودی ہیں، اگر بھارت سے ہمارے تعلقات بہتر ہوتے ہیں تو پاکستان دو بڑی منڈیوں کے درمیان ہوگا، کورونا وباءکے باعث دنیا بھر میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، رواں سال گندم اور گنے کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ہے، زرعی معیشت میں 1100 ارب روپے منتقل ہوئے، ٹیکسٹائل کی صنعت فروغ پا رہی ہے، ہمارے پاس 2023ءتک ٹیکسٹائل کے مزید آرڈرز لینے کی گنجائش نہیں، تعمیرات کے شعبہ میں بھی ریکارڈ سرمایہ کاری ہوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام ہماری خواہش ہے، افغانستان کی صورتحال براہ راست پاکستان پر اثر انداز ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ افغانستان میں طالبان حکومت کو سہارا دیں، افغانستان میں امن کے لئے ہماری کوششیں جاری ہیں، ہم طالبان کو جامع حکومت بنانے امریکہ اور مغرب کو افغان حکومت کو مضبوط کرنے پر زور دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم خطے کے دیگر ممالک کے ہمراہ طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کا فیصلہ کریں گے، یکطرفہ طور پر افغان حکومت کو تسلیم نہیں کریں گے۔