40 سال تک ہم پر افغان جنگ و جدل کے اثرات رہے، اب پاکستان اقتصادی مرکز بن رہا ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کراچی میں پروٹون کے پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

5

کراچی۔13اکتوبر  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں نے معیشت کو صحیح سمت میں گامزن کردیا ہے اور پاکستان خطے میں معاشی مرکز کے طورپر ابھرا ہے، آٹو موبائل کے شعبہ میں مقامی طور پر یونٹس کی تیاری خوش آئند ہے۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو کراچی میں پروٹون سی کے ڈی پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے افغانستان کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا  40 سال تک ہم پر افغان جنگ و جدل کے اثرات رہے، اب پاکستان اقتصادی مرکز بن رہا ہے۔

 دنیا افغانستان میں یکجہتی والی حکومت چاہتی ہے لیکن اس وقت  افغانستان کو تعمیر نو اور سپلائز کے ساتھ ساتھ اس بات کی ضرورت ہے کہ وہاں استحکام ہو، افغانستان کے ساتھ دنیا کی تجارت بڑھے گی تو امن کا امکان بڑھ جائے گا، مسلمان ممالک کے درمیان تعاون ہمیں مستحکم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملائشیا کی طرح دیانت داری کی بنیاد پر برینڈنگ ہونی چاہئے، لوگوں کو یہ پتہ ہو کہ پروٹان ساگا میں جو وعدہ کیا وہ پورا کریں گے، اسلام اصولوں اور اقدار کی بات کرتا ہے، دنیا کو اس وقت بین الاقوامی تعلقات میں بھی اصولوں  کی ضرورت ہے۔