حکومت پاکستان میں آٹو کی بڑھتی ہوئی صنعت اچھی پالیسی کا نتیجہ، سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہو گی، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کراچی میں پروٹون کے پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

11

کراچی۔13اکتوبر  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں نے معیشت کو صحیح سمت میں گامزن کردیا ہے اور پاکستان خطے میں معاشی مرکز کے طورپر ابھرا ہے، آٹو موبائل کے شعبہ میں مقامی طور پر یونٹس کی تیاری خوش آئند ہے۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو کراچی میں پروٹون سی کے ڈی پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ملک میں گاڑیوں کے مقامی یونٹس کا خیرمقدم کیا اور نوجوانوں کو منڈی کے تقاضوں کے مطابق ہنر سکھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی نوجوان آبادی کو ہنر مند بنانا ہے۔ صدر نے کہا کہ تجارتی سرگرمیاں بڑھانے پر توجہ مرکوز کی جانی چاہیے، ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور امن کی بدولت پاکستان ایک معاشی مرکز بن رہا ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے سرمایہ کار راغب ہوئے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ دبئی ایکسپو میں پاکستان پویلین منفرد نظر آرہا ہے۔ صدر مملکت نے دنیا میں پاکستان کے مثبت تشخص کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا کیونکہ ماضی میں سازشوں کے ذریعے ملک کو بدنام کیا گیا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ عالمی تعلقات میں اصولوں کو سب سے زیادہ اولیت دی جاتی ہے، اصولوں کو بنیاد بنانے سے اللہ کی رضا بھی شامل ہوگی، کورونا میں موثر حکمت عملی کے ذریعے کمزور طبقے کو تحفظ فراہم کیا گیا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ دنیا میں اس وقت تجارتی مفادات کو اولین ترجیح دی جارہی ہے اور انسانی اقدار کو پس پشت ڈالا جارہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا میں بھارت کے ایک بڑے تجارتی پارٹنر ہونے کی وجہ سے اس کے کشمیر میں ڈھائے جانے والے ظلم و ستم پر پردہ ڈالا جارہا ہے اور اسے چھوٹ دی جاتی ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ دنیا میں تجارت بڑھتی ہے تو امن بڑھتا ہے، تجارت کے بڑھنے سے امن فروغ پاتا ہے، گوادر کی بندرگاہ وسطی ایشیائی ریاستوں کو افغانستان کے راستے ایک کم فاصلے کا راستہ فراہم کرے گی، تجارت کا اتنا بڑا راستہ کھل رہا ہے۔