احساس راشن پروگرام کی رجسٹریشن دسمبر تک مکمل ہوجائے گی ؛ سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر

12

لاہور،25  نومبر  (اے پی پی):  وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے جمعرات کے روزصوبائی دارلحکومت لاہور کے دورہ کے دوران شادمان میں واقع سویرا جنرل سٹور کا دورہ کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ احساس راشن پروگرام کی رجسٹریشن دسمبر تک مکمل ہوجائے گی جس میں 8171پر اپنے نام سے رجسٹرڑ نمبر سے لوگ ایس ایم ایس کر   سکتے ہیں، اس پروگرام میں ایک گھرانے سے ایک ہی فرد رجسٹرڈ ہو سکتا ہے، اگر ایک گھر میں 4 لوگ علیحدہ علیحدہ رہتے ہیں تو ان کی رجسٹریشن ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کریانہ دکانوں کی بھی رجسٹریشن ہو گی جو ویب سائٹ کے ذریعے ہو گی جس کے لیے نیشنل بنک میں اکاونٹ ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ دسمبر میں رجسٹریشن کا عمل مکمل ہونے کے بعد لوگ رعایت حاصل کر سکیں گے اور یہ رعایت آٹے دالوں اور تیل گھی پر ہو گی۔

ثانیہ نشتر نے کہا کہ دکانوں کے باہر سائن بورڈذ لگے ہوں گے جبکہ خریدار اپنا شناختی کارڈ اور موبائل ایس ایم ایس دکھائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام میں رجسٹریشن کی کوئی فیس نہیں اس سلسلہ میں عوام بدعنوانون سے ہوشیار رہیں ۔

قبل ازیں ڈی سی  لاہور عمر شیر چٹھہ نے ثانیہ نشتر کو احساس راشن پروگرام کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کئے جانیوالے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔