اسلام آباد۔22نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے پیر کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام منظور ہو چکا ہے، پاکستانی معیشت کو استحکام ملا ہے، اچھی خبریں بھی آ رہی ہیں، پارلیمان نے ای وی ایم اور اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق دینے کے حوالے سے بل بھی منظور کرلئے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اپوزیشن عدلیہ اور فوج کے خلاف مہم بند کرے، ہمارے آئین میں ان دونوں اداروں کو تحفظ اور احترام حاصل ہے، اپوزیشن اپنے سوشل میڈیا اور کبھی اپنے لیڈران کے ذریعے دونوں اداروں کو نشانے پر رکھے ہوئے ہے جو غیر مناسب ہے۔