آلودگی کنٹرول مشینری انسٹال نہ کرنے والی فیکٹریوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔کمشنرملتان

45

ملتان۔24نومبر  (اے پی پی):سموگ کے تدارک کیلئے ڈویژنل انتظامیہ متحرک ہوگئی ۔ کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد نے سموگ کنٹرول کیلئے ہنگامی اقدامات کا ٹاسک سونپ دیا۔ڈویژنل ماحولیاتی کمیٹی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ انڈسٹریل ایریا سمیت تمام فیکٹریوں کی انسپکشن کی جائے۔ آلودگی کنٹرول مشینری انسٹال نہ کرنے والی فیکٹریوں کیخلاف کارروائی کی جائے، تمام بھٹہ جات کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جائے، زگ زیگ ٹیکنالوجی منتقل نا ہونے والے بھتہ جات کو سر بمہر کیا جائے۔ سیکرٹری آر ٹی ایز،ٹریفک پولیس کی مشترکہ ٹیم دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کیخلاف ہنگامی بنیادوں پر کریک ڈائون کرے گی۔روڈ سیفٹی کیساتھ سموگ سے بچنے کیلئے ہیلمٹ کا استمعال لازم بنایا جائے۔ کوڑا کرکٹ، فصلیں جلانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، کارپوریشن، ضلع کونسل سٹرکوں پر پانی کا چھڑکائوکریں، تعلیمی اداروں میں انسداد سموگ اور ماحولیاتی آگاہی پیریڈ شروع کیا جائے۔ کمشنر ملتان نے مزید کہا کہ مٹی،ریت،کوڑا کی ٹرالیوں کو ترپال سے ڈھانپا جائے ۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات ڈاکٹر ظفر اقبال نے بتایا کہ ڈویژن میں2 ماہ میں ماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے والے بھٹہ جات کیخلاف950 ایف آئی آر درج کرکے 583افراد گرفتار کئے گئے اور بھٹہ جات مالکان کو 9.5 ملین روپے جرمانہ کیا گیا۔ فصلوں کی باقیات جلانے کے 309واقعات پر 128 مقدمات درج کئے گئے۔5افراد گرفتار کرکے 54لاکھ سے زائد جرمانہ کیا گیا۔3884 گاڑیوں کی انسپکشن،1094 کو چالان،7 لاکھ 79ہزار650روپے جرمانہ کیا گیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ملتان عامر کریم خاں،سی ٹی او جلیل کامران، اسسٹنٹ کمشنر جنرل مبشر الرحمن،متعلقہ اداروں کے افسران، ویڈیو لنک پر ڈپٹی کمشنرز اور دیگر افسران موجود تھے۔