اقوام متحدہ کو میڈیا پر جعلی خبروں اور نفرت انگیز مواد روکنے  کیلئے  فریم ورک تیار کرنا چاہئے؛ چوہدری فواد حسین

23

اسلا م آباد، 19 نومبر (اے پی پی ): وفاقی  وزیر  اطلاعات  و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ  کچھ ممالک اور گروپس اپنے مخالفین کو بدنام کرنے کے لئے میڈیا کو بطور آلہ کار استعمال کرتے ہیں، اقوام متحدہ کو میڈیا پر جعلی خبروں اور نفرت انگیز مواد روکنے کے لئے فریم ورک تیار کرنا چاہئے۔

ان خیالات  کا  اظہار  انہوں  نے    ہولی سی (ویٹیکن سٹی) کے سفیر کرسٹوف ال کاسیس سے   گفتگو  کرتے  ہوئے کیا ، جنہوں  نے   جمعہ  کو  یہاں   وفاقی وزیر  سے  ملاقات  کی ۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے دور میں بیانیہ کی جنگ نے ہتھیاروں سے لڑی جانے والی جنگ کی جگہ لے لی ہے، پاکستان اور ہولی سی (ویٹیکن سٹی) جعلی خبروں اور نفرت انگیز مواد کے خاتمہ کیلئے مل کر کام کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ویٹیکن سٹی کو ایک دوسری کی ثقافتی اور مذہبی اقدار کے بارے میں آگاہی حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔

وفاقی  وزیر  اطلاعات  و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ  ماضی میں رابطے کے لئے ٹیکنالوجی کا فقدان تھا لیکن اب صورتحال بدل چکی ہے، خبریں تیزی سے پھیلتی ہیں، پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنا پوری دنیا کے لئے بڑا چیلنج ہے۔انہوں  نے کہا کہ حکومتیں مرکزی دھارے کے میڈیا پر نفرت انگیز مواد کنٹرول کر سکتی ہیں لیکن کالعدم تنظیموں کی جانب سے سوشل میڈیا کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

 چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات بین المذاہب ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی کے فروغ کے لئے کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ  پاکستان میں سکھ مذہب کے بانی بابا گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات جاری ہیں، قومی ٹی وی چینل پر بابا گرو نانک کی زندگی اور تعلیمات پر خصوصی پروگرام نشر کئے جا رہے ہیں۔

 ویٹیکن سٹی کے سفیر نے دنیا میں امن کو یقینی بنانے کے لئے مختلف مذاہب کے پیروکاروں کے درمیان مذہبی ہم آہنگی کے فروغ پر زور دیا اور کہا کہ ہولی سی (ویٹیکن سٹی) پاکستان میں مقامی چرچوں کے ساتھ تعاون چاہتا ہے۔