اوکاڑہ،18نومبر(اے پی پی): دارارقم بوائزہائی سکول کے زیر اہتمام پہلا انٹرسٹی فٹ بال ٹورنامنٹ منعقد کیا گیا جس میں آٹھ سکولوں کی ٹیموں نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی پرنسپل گورنمنٹ ہائی سکول 8جی ڈی عطا الرحمن جبکہ مہمان اعزاز صدر ڈسٹرکٹ یونین آف جرنلسٹس محمد مظہررشیدچودھری تھے ، ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح مہمان خصوصی نے کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کی ذہنی اورجسمانی صلاحیتوں کو جلا بخشنے کے لیے کھیلوں کا انعقاد انتہائی اہمیت کاحامل ہے ،صدر ڈسٹرکٹ یونین آف جرنلسٹس محمدمظہررشید چودھری نے کہا کہہ ذہنی نشوونما کے ساتھ طالب علم کی اخلاقی تربیت اور جسمانی صحت کا خیال رکھنا بھی تعلیمی اداروں میں انتہائی ضروری ہے، مطالعہ کتب، بحث و مباحثہ کے ساتھ ساتھ ان کی اخلاقی اور جسمانی تعلیم پر بھی خاص توجہ دی جانی چاہئے کیونکہ اگر طالبعلم صحیح طور پر تندرست اور صحتمند نہیں ہوگا تو وہ مکمل طور پر تعلیم حاصل نہیں کر سکے گا، پرنسپل سکول ہذا نبیل انجم نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر ڈائریکٹر دارارقم سکول چوہدری رضوان احمد ، مینجنگ ڈائریکٹرجنید قریشی کا شکریہ ادا کیا انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے کوارڈینیٹر محمد ایاز اور انسٹرکٹر سپورٹس عبدالعزیز نے آٹھ سکولوں کی ٹیموں اور ٹورنامنٹ کو کامیاب بنانے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے ، فٹ بال ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی ٹیموں بیکن ہاوس ، سی ایم آر ہائی سکول، دارارقم سکول سینئر کیمپس ، دارارقم سکول جونیئرکیمپس، گورنمنٹ اشرف المدارس ، گورنمنٹ ہائی سکول ملٹری فارم ، گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول نیو کیمپس ، گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول سٹی کے کھلاڑیوں کا تعارف مہمان خصوصی عطاالرحمن اور محمد مظہررشید چودھری سے کروایا گیا، ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی اور چار ہزار نقد انعام جبکہ رنر اپ ٹیم کو ٹرافی دی جائے گی،ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کو میڈلز دیے جائیں گے ۔











