ایبٹ آباد؛سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سردار یعقوب مرحوم کی یاد میں میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد

112

ایبٹ آباد،22نومبر(اے پی پی):سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سردار یعقوب مرحوم کی یاد میں گلیات یونین کونسل نگری بالا نیریاں میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر  اسپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق غنی نے سردار شبیر یعقوب کو روایتی پگڑی پہناتے ہوئے تحریک انصاف پارٹی سے وابستگی کو برقرار رکھا اور اپنے خطاب کے دوران کہا کہ بعض لوگ ایسے تاریخ ساز اور عہدساز شخصیت کے مالک ہوتے ہیں جنھیں بھولنا مشکل ہوتا ہے ان ہی میں میرے بزرگ استاد محترم سردار یعقوب شامل ہیں، جن کے دنیا سے جانے کے بعد کا خلا پر کرنا مشکل ہے۔ان کے ساتھ میری اکیس، بائیس سالہ رفاقت سیاسی سفر میں میری مرحوم نے راہنمائی کی، میں انھیں اپنا استاد سمجھتا ہوں، ان کے بیٹے سابق ناظم ضلع کونسل ایبٹ آباد سردار شبیر پارٹی کا اثاثہ ہیں ۔

تعزیتی ریفرنس کی تقریب سے خطاب میں تحریک انصاف کے رہنما علی اصغر نے کہا کہ سردار یعقوب مرحوم ایک غیر روایتی سیاست دان تھے اور وہ روایتی سیاسی دور میں غیر روایتی سیاست کرتے ہوئے کوچ کر گئے جنھیں یاد رکھا جائے گا ۔

ممبر صوبائی اسمبلی نذیر عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے ہمیشہ سچ بولا اور ان کا میرے سمیت معاشی طور پر مڈل بلکہ نچلے طبقے سے وابستگی رکھنا موجودہ سیاسی دور میں یاد گار جانا جائے گا ۔

سردار شبیر یعقوب نے  آبدیدہ ہوتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنے والد کی وصیت پر عمل پیرا ہوتے ہوئے علاقے کے عوام کی خدمت کرنی ہے جو کہ میری زندگی کا مقصد ہوگا۔

 دیگر مقررین نے کہا کہ مرحوم ایک اثاثہ تھے جنھوں نے اپنے دور اقتدار میں بلا تفریق لوگوں کی خدمت کی۔

 تقریب میں مولانا نے تعزیتی کلمات ادا کرتے ہوئے مرحوم  کے لیے دعاء مغفرت کرائی اور ملکی سالمیت بقاء اور امراض سے بچاؤ ،امت مسلمہ کی بقاء و عافیت، پاک فوج کے لئے دعائیں کرائیں ۔

اس موقع پر معززین علاقہ سابق ناظمین ، کونسلرز، میڈیا نمائندگان سنیئر صحافی سردار محمد زردار ، سردار شفیق ، سابق ناظم حق نواز عباسی ،سردار اکرم لڈو ، مشتاق عباسی آ ف تروڈ ،سردار صادق، کامران حاجی ریاض عباسی آ ف پھری مری کے ساتھ نمبردار ،اورشہباز  آ ف کھن بکوٹ اور علاقے کے عوام نے شرکت کی۔