لاہور،10نومبر (اے پی پی): ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے کہا ہے کہ حکومت ملک بھر میں گرانفروشی پر کنٹرول کے لیے کوشاں ہے، گورننس یہ نہیں کی مسائل سرے سے پیدا ہی نہ ہوں، گورننس یہ ہے کہ حکومت عوام کی آواز پر بروقت ایکشن لے کر مسائل کا ازالہ کرے۔
ان خیالات کا اظہار ترجمان پنجاب حکومت نے بدھ کو یہاں گرانفروشی کی شکایات پربھٹہ چوک اور اس ملحقہ مارکیٹوں کا ہنگامی دورہ کے موقع پر کیا، جہاں ڈپٹی کمشنر لاہور عمر شیر چٹھہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔
اس حوالے سے حسان خاور نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ دورے کے موقع پر چینی اور آٹا مقرر کردہ حکومتی نرخوں پر دستیاب پائے گئے،کافی سٹورز نے عوامی سہولت کے لیے مقامی چینی کی جگہ درآمدی چینی بیچنا شروع کر دی ہے۔حکومتِ پنجاب اس مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آٹے کے بحران میں دنوں کے اندر اس مسئلے کو حل کیا گیا اور چینی مافیا کی گرانفروشی کی منفی کوششوں کو حکومت نے فوراً زائل کیا ۔علاوہ ازیں ذخیرہ اندوزوں سے بھی آہنی ہاتھ سے نمٹا جارہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہمارے وزراء اور انتظامیہ مارکیٹوں میں جا کر بروقت معائنے کر رہے ہیں۔ زیادہ تر مارکیٹوں میں آٹا اور چینی مقرر کردہ قیمتوں پر دستیاب ہے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عوام کی سہولت کے لیے سٹورز کے باہر ریٹ کارڈز بھی لگائے گئے ہیں جبکہ عوام سے گزارش ہے کہ درآمد شدہ چینی استعمال کر کے منافع خوروں کی حوصلہ شکنی کریں۔ آٹا چینی اور دیگر اشیائے ضروریہ مارکیٹوں میں وافر مقدار میں موجود ہیں ۔عوام کسی پریشانی کی صورت میں ڈی سی آفس یا سوشل میڈیا پر شکایت درج کرائیں۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت اس علاقے کے سٹورز میں ان چیزوں کی دستیابی یقینی بنائے گی۔