لاہور؛وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی کا اجلاس، شہید ہونے والے پانچ ملازمین کے لیے شہدا پیکج نمبر 2 کی منظوری

11

لاہور، 10 نومبر (اے پی پی):وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کی زیر صدارت سول سیکریٹریٹ میں کابینہ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو یہاں  منعقد ہوا ، اجلاس میں محکمہ پولیس کے شہید ہونے والے پانچ ملازمین کے لیے شہدا پیکج نمبر 2 کی منظوری دی گئی۔ شہدا پیکیج میں شامل ہیڈ کانسٹیبل محمد امتیاز اور کاسٹیبلان جلیل حیدر، محمد قیصر، امتیاز احمد اور محمد وقاص عظیم شامل ہیں۔

اجلاس میں   وزیر قانون راجہ بشارت نے ایک ماہ کے اندر تمام مراحل مکمل کر کے متاثرہ خاندانوں کو ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ۔ انہوں  نے کہا کہ بعض شہداکے لواحقین کو چھ چھ ماہ تک ادائیگی نہیں ہوتی جو کہ مناسب امر نہیں اس لئے ہدایت کی جاتی ہے کہ شہدا پیکج کی ادائگی کے لیے محکمہ پولیس الگ سیل قائم کرے، آئندہ سے شہدا پیکج کے 50 فیصد پہلے دس دن اور باقی 50 فیصد کی ادائیگی آئندہ 20 دن میں یقینی بنائی جائے ۔

اجلاس میں پنجاب فارنزک ایجنسی کے ڈی جی کے لیے  بھرتی کا عمل شروع کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں آئی جی پنجاب، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ اور دیگر افسران  نے بھی شرکت کی۔