حکومت پاکستان سپورٹس پالیسی لا رہی ہے جس سے اسکولوں میں کھیلوں کو لازمی قرار دیاجائے گا؛ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا

47

اسلام آباد،6نومبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان سپورٹس پالیسی لا رہی ہے جس سے اسکولوں میں کھیلوں کو لازمی قرار دیاجائے گا،کھیلوں کے زریعے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو قریب لایاجاسکتا ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں چیف آف آرمی سٹاف پاکستان اوپن ،انٹر نیشنل تایکوانڈو چیمپئن شپ کی  افتتاحی تقریب سےخطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پاکستان تایکوانڈو فیڈریشن کے حکام سمیت ملکی اور غیر ملکی  کھلاڑیوں  کی کثیر تعداد موجود تھی ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نےکہا کہ پاکستان مہمان نوازی  کا  ملک ہے اور بین الاقوامی تایکوانڈو کھلاڑیوں کو پاکستان میں خوش آمدید کہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان سپورٹس پالیسی لا رہی ہے جس سے اسکولوں میں کھیلوں کو لازمی قرار دیاجائے گا،کھیلوں کے زریعے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو قریب لایاجاسکتا ہے۔

ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان بطور سابق کرکٹر کہتے ہیں  کہ کھیلوں سے ممالک کے درمیان محبت کا رشتہ قائم کیاجاسکتاہے،سپورٹس ڈپلومیسی خارجہ پالیسی کا اہم جز بنانا چاہیے،بین الاقوامی تایکوانڈو کھلاڑیوں کا شکریہ جو پاکستان میں چیمپئن شپ میں حصہ لینے آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کھیلوں بلخصوص تایکوانڈو میں بےانتہا ٹیلنٹ موجود ہے،تایکوانڈو کو  ملک کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے نوجوانوں میں فروغ دینا چاہیے۔

اس موقع پر  پیٹرن ان چیف پاکستان تایکوانڈو فیڈریشن لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ جاوید اقبال رمدے  نے  بین الاقوامی تایکوانڈو کھلاڑیوں کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ تایکوانڈو چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد سے پاکستان میں دیگر کھیلوں کو بھی فروغ ملےگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تایکوانڈو چیمپئن شپ سے ملک میں تایکوانڈو کے کھیل کو بھی فروغ ملےگا،اگلے تین دن تایکوانڈو چیمپئن شپ کے مقابلے جوش و خروش سے بھرپور ہوں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں رپبلک آف کوریا کے سفیر سو سانگ پیونے   کہا کہ تایکوانڈو انسانی جسم کو مضبوط بناتا ہے،تایکوانڈو چیمپئن شپ کے زریعے مختلف ممالک کے درمیان تعلقات بہتر ہونے میں مدد ملےگی۔

 واضح رہے کہ ایونٹ کا باقاعدہ آغاز ہفتہ کو پاکستان سپورٹس بورڈ میں ہوا ، ایونٹ میں دنیا بھر سے 15ممالک کے تایکوانڈو کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں ۔ ایونٹ میں 500سے زائد کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے ، چیمپئن شپ 8نومبر تک جاری رہے گی ۔