حکومت ڈریپ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے  اقدامات کر رہی ہے، ڈاکٹر فیصل سلطان

14

کراچی۔8نومبر  (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ ڈرگز ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان(ڈریپ ) وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ایک جدید ریگولیٹری اتھارٹی کے طور پر ابھر رہی ہے،ڈریپ کا مقصدنگرانی ، معیاری ادویات اور علاج کے سامان کی دستیابی کو یقینی بنانا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں سنٹرل ڈرگس لیبارٹری (سی ڈی ایل )کے باضابطہ افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ڈریپ کے چیف ایگزیکٹیوآفیسر عاصم روف ، سی ڈی ایل کے ڈائریکٹر سیف الرحمان خٹک اورڈاکٹرنجم ثاقب بھی موجود تھے  جنہوں نے  معاون خصوصی  ڈاکٹر فیصل سلطان کو سی ڈی ایل کے مختلف شعبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ڈاکٹر فیصل سلطان نے سی ڈی ایل کی اپ گریڈیشن ،بہتر مشینری ، اعلی تربیت یافتہ عملے اور معیار نگرانی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ معیاری سرویلنس اور فعال جدید لیبارٹری کی موجودگی ضروری تھی ۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی ایل نے عالمی معیار کی لیبارٹری بنائی ہے جومینوفیکچرنگ سے صارفین تک ادویات کی مارکیٹ کو ریگولیٹ کرنے میں بہت مدد کرے گی ۔معاون خصوصی نے کہا کہ ڈریپ کی ڈیجٹلائزیشن اور آٹومیشن شروع کرنے کا مقصد طب کے گورننس کے نظام کو بہتر اور  مضبوط بنانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ لیبارٹری 1953 میں قائم ہوئی تھی،یہ دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی کہ آج یہ ایک جدید ترین لیبارٹری بن گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ لیبارٹری نے دوسال کے مختصر دورانیہ میں بین الاقوامی ادارہ صحت کی پری کوالیفیکیشن کا عمل مکمل کر لیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے حکومت کی صحت کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے سنجیدگی ظاہر ہوتی ہے ۔  ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ لیبارٹری کو ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ عالمی معیار کی مزید مشینری بھی فراہم کی جائے گی ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکوت ادوایات کی قیمتوں کو متوازن اور مستحکم رکھنے کے لئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھارہی ہے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ جنوری 2021 سے اب تک ملک میں صرف پولیوکا ایک کیس سامنے آیا ہے جبکہ حالیہ ٹیسٹنگ کے مرحلے میں ایک بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خسرہ کے خلاف ملک میں 12 روزہ مہم شروع کرنے جارہی ہے ۔