ذیابیطس کی آگاہی کے حوالے سے مضمون نصاب میں شامل کرنا زیر غور ہے ۔ ڈاکٹر فیصل سلطان

12

کراچی۔8نومبر  (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ طلبہ کو ذیابیطس کی بیماری سے آگاہ کرنے کے لئے اس کے حوالے سے مضمون کو نصاب میں شامل کرنا زیر غور ہے ، اس حوالے سے وزارت تعلیم کے ساتھ مشاورت جاری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے  پیر کو یہاں مقامی ہوٹل میں” ذیابیطس ایک قومی چیلنج”کے موضوع کے حوالے سے منعقد ہ مکالمے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ”کم کھائیں، زیادہ چلیں” ایک سادہ ، اہم اور مختصر جملہ ہے جس نے صحت مند زندگی گزارنے کے لئے مناسب طریقہ بیان کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں بنیادی صحت کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے بہت سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے سے صحت مند سرگرمیاں ختم ہو چکی ہیں اور انہیں دوبارہ زندہ کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ صحت مند سرگرمی کے طور پر اہم کردار ادا کر رہی تھی۔وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ ذیابیطس جیسی بیماریوں پر قابو پانے کے لیے مختلف سرگرمیوں کے ذریعے صحت مند ماحول پیدا کرنے کا وقت آگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں صحت کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ترامیم لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان نرسنگ کونسل میں ترامیم لا رہے ہیں۔ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ صوبہ سندھ کو مریضوں کی سہولت کے لیے ایک مناسب 1122 ایمبولینس سروس شروع کرنی چاہیے۔ڈاکٹر اکرم سلطان، پروفیسر ڈاکٹر زمان شیخ، پروفیسر ڈاکٹر عبدالباسط، ڈاکٹر سیما اور دیگر نے بھی پاکستان میں ذیابیطس کے چیلنجز پر قابو پانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ان کا کہنا تھا کہ ذیابیطس کا مرض بہت مہنگا ہے۔ شرکاء نے ذیابیطس کے بارے میں عوام میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ذیابیطس کی بیماری سے بچنے کے لیے بنیادی روک تھام پر توجہ دی جانی چاہیے۔