کراچی،28نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات اسد عمرنے سندھ کے بلدیاتی نظام کو عوام کے ساتھ دھوکہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے ساتھ ناانصافی ہورہی ہے ،اس کے خلاف تحریک چلائیں گے، نئے بلدیاتی نظام میں رہے سہے اختیارات بھی چھین لیے گئے، مردم شماری پانچ سال کے وقفہ سے کرانے کا فیصلہ کیا ہے،نئی مردم شماری ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ہوگی،کراچی کو اس کا حق دلائیں گے،وزیراعظم عمران خان دسمبرمیں کراچی کے پہلے جدید بس منصوبے گرین لائن کا افتتاح کریں گے۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے تحریک انصاف ضلع وسطی کے تحت حیدری میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ورکرزکنونشن میں پارٹی قائدین کی آمد پرکارکنان نے پرجوش نعروں سے ان کا استقبال کیا اوروزیراعظم عمران خان کے حق میں نعرہ بازی کی۔کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیراسدعمر نے ضلع وسطی کی ٹیم کو ورکرزکنونشن کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اورکہاکہ ڈسٹرکٹ سینٹرل کے کارکن کراچی میں تبدیلی کے سفر کا ہر اول دستہ ہوں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کی جدوجہد طبقاتی نظام کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ میں جعلی مقامی حکومت کے لیے بلدیاتی نظام کا اعلان کیا گیا،گرین لائن بس منصوبے پردس بارہ روزکا کام باقی ہے ،دسمبر میں وزیراعظم عمران خان کراچی میں جدید اور پہلے ٹرانسپورٹ منصوبے کا افتتاح کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ مردم شماری کراچی کا دیرینہ مطالبہ رہاہے،کراچی کی آبادی مردم شماری میں دکھائی نہیں دیتی،پچھلی حکومتوں نے 19 سال اور 17 سال کے وقفہ سے مردم شماری کرائی تھی،ہم نے آئندہ مردم شماری پانچ سال کے وقفہ سے کرانے کا فیصلہ کیا ہے،ڈیجیٹل نظام کے ذریعے کراچی میں مردم شماری ہوگی جس کے بعد کراچی کا دیرینہ گلہ اورکراچی سے ناانصافی ختم ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ کراچی کے لیے مقامی حکومت کا نظام عوام کوبااختیار نہیں کرتا ۔سندھ حکومت کے نئے بلدیاتی نظام میں عوام کو رہے سہے اختیارات سے بھی محروم کردیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات اسد عمر نے کہاکہ سندھ میں جو نظام چل رہا ہے وہ بہتر نہیں ہے،سندھ کے عوام کو قانون کے تحت بااختیاربنانا ہوگا،سیاسی اور قانونی طور پر قانون کے مطابق اختیارات ملنے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں صحت ،تعلیم اور ترقیاتی سمیت دیگر شعبے مئیر کے ماتحت ہوں گے،کراچی میں ایسا نظام نہیں ہے اس کو مسترد کرتے ہیں، مقامی نظام حکومت کے اوپر دھوکہ ہونے جارہاہے اس کے خلاف تحریک چلانا ہے،کراچی کے عوام اپنا حق مانگ رہے ہیں،نظام کے نام پریہ مذاق اب سندھ کے عوام کے ساتھ نہیں ہوگا ،ظلم نہیں ہونے دیں گے اور کراچی کو اپنا حق دلا کر رہیں گے۔
اسد عمر نے کہا کہ اسلام آباد کے نئے بلدیاتی نظام میں مئیر کو بااختیار کیا گیا،سندھ میں اس کے برعکس کام کیا جارہا ہے،ٹرانسپورٹ،پانی، سڑکیں، مئیر کے ماتحت ہونی چاہئیں،میں اپنے کراچی کے منتخب نمائندوں سے کہتا ہوں سندھ کے ساتھ ناانصافی ہورہی ہے اس کیخلاف تحریک چلائیں،کراچی کے لوگ بھیک نہیں اپنا حق مانگ رہے ہیں،یہ ناانصافی،ظلم کراچی کے ساتھ برداشت نہیں کیا جائے گا۔
چیف آرگنائزر،سینیٹر سیف اللہ خان نیازی نے کامیاب ورکرز کنونشن پرخرم شیر زمان، سعید آفریدی اور پارٹی کے دیگر عہدیداران اور کارکنان کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیکسٹائل انڈسٹری ترقی کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ دیگر صوبوں کے عوام کو صحت کارڈ دیا گیا ہے لیکن سندھ حکومت اپنا حصہ نہیں ڈال رہی ہے،سندھ کی عوام صحت کارڈ سے محروم ہے،اگلی حکومت سندھ میں تحریک انصاف کی ہوگی،عمران خان صرف اپنی عوام کا سوچ رہے ہیں ،حیدرآباد یونیورسٹی کا بل عمران خان نے پاس کروایا،شہدادکوٹ میں رانا سخاوت راجپوت کو قتل کیا گیا،سندھ حکومت ان کے قاتلوں کو فوری گرفتار کرے۔
تحریک انصاف کراچی کے صدرخرم شیرزمان، رکن قومی اسمبلی نجیب ہارون،فہیم خان، بلال غفار نے کہاکہ کارکنان کو کراچی میں اب الیکشن کی بھرپور تیاری کرنی ہے،ضلع وسطی کا ہر ورکر متحرک ہے،کارکنان کی محنت سے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی تحریک انصاف کی ہوگی ۔