سیکرٹری خارجہ سہیل محمود سے او آئی سی کے خصوصی ایلچی برائے جموں و کشمیر یوسف الدوبے  کی   ملاقات

18

اسلام آباد،8نومبر  (اے پی پی):سیکرٹری خارجہ سہیل محمود سے او آئی سی کے خصوصی ایلچی برائے جموں و کشمیر یوسف الدوبے نے پیر کو وزارت خارجہ میں  ملاقات کی۔ او آئی سی کے نائب سیکرٹری جنرل برائے انسانی امور  تارگ بخیت اور او آئی سی وفد کے دیگر سینئر ممبران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

سیکرٹری خارجہ نے  خصوصی ایلچی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اس دورے کا مقصد کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کے لیے او آئی سی کی پرعزم حمایت کا اعادہ کرنا ہے۔ امت مسلمہ کی اجتماعی آواز کے طور پر یہ ثابت قدم اور اصولی موقف مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے تقویت کا باعث بنے گا۔

 سکریٹری خارجہ نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر  زور دیتے ہو ہے کہا کہ 5 اگست 2019 کے  غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے بعد سے، بھارت نے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق اور آزادیوں کو پامال، کشمیری قیادت کو نظر بند اور  بے گناہ  کشمیریوں کے قتل و غارت اور ان پر تشدد سلسلہ مزید تیز کر دیا ہے۔

سکریٹری خارجہ نے کہا کہ بھارتی  شہریوں کو 4.2 ملین سے زیادہ ڈومیسائل جاری کرنے سمیت دیگر اقدامات کا مقصد کشمیریوں کو حق رائے دہی سے محروم کرنا اور مقبوضہ وادی کو مسلم اکثریت سے ہندو اکثریتی علاقے میں تبدیل کرنا ہے۔ یہ اقدامات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور چوتھے جنیوا کنونشن سمیت بین الاقوامی قوانین کی صریحا خلاف ورزی ہے۔

 سکریٹری خارجہ کہا کہ آر ایس ایس-بی جے پی کی توسیع پسندانہ پالیسیاں ہندو راشٹرا کے قیام کے ان کے نظریاتی ایجنڈے کی عکاس ہیں،جو علاقائی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے۔انہوں  نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق (او ایچ سی ایچ آر) کے دفتر نے 2018 اور 2019 میں کشمیر سے متعلق الگ الگ رپورٹس جاری کی تھیں اور پاکستان نے اس بات پر زور دیا تھا کہ یہ رپورٹس جاری رہنی چاہیے۔

سیکرٹری خارجہ نے 12 ستمبر 2021 کو حکومت پاکستان کی جانب سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی قابض افواج کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق ڈوزیئر کی ایک کاپی  بھی انکےحوالے کی۔انہوں  نے جموں و کشمیر کے تنازع پر او آئی سی کے قائدانہ کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر پر او آئی سی رابطہ گروپ نے 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کے بعد سے چار وزارتی اجلاس بلائے ہیں۔

او آئی سی کے خصوصی ایلچی نے  کی جانب سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے لیے کشمیریوں کی جائز جدوجہد کی حمایت کا اعادہ کیا۔او آئی سی کے خصوصی ایلچی برائے جموں و کشمیر 7 سے 12 نومبر 2021 تک پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کا دورہ کر رہے ہیں۔