ضلع میں پی ایس او اور شیل کمپنی کے زیر اہتمام چلنے والے پٹرول پمپس مکمل فعال ہیں اور شہریوں کو پٹرولیم کی سپلائی فراہم کررہے ہیں: ڈپٹی کمشنر

36

ملتان 25 نومبر(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا ہے کہ ضلع میں پی ایس او اور شیل کمپنی کے زیر اہتمام چلنے والے پٹرول پمپس مکمل فعال ہیں اور شہریوں کو پٹرولیم کی سپلائی فراہم کررہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پٹرولیم کمپنیوں کے ایگزیکٹو منیجرز سے ایک ملاقات میں کیا۔اس موقع پر شیل کمپنی کے ڈویژنل منیجر محمد عثمان اور پی ایس او کے مینجر لعل خان نے سپلائی کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔شیل کمپنی اور پی ایس او کے نمائندہ نے بتایا کہ شیل کمپنی کے 5اور پی ایس او کے 52 پٹرول پمپ پر سپلائی جاری ہے۔ضلع میں بلاتعطل سپلائی کیلئے 15روز کا سٹاک موجود ہے۔ڈپٹی کمشنر نے پٹرولیم کمپنیوں کو سپلائی بڑھانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شیرشاہ ڈپو سے ساڑھے 3 لاکھ لٹر سے زائد روزانہ سپلائی کی جارہی ہے۔شہریوں کی سہولت کیلئے پٹرول پمپس مکمل فعال رکھیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع میں پٹرول و ڈیزل کی کوئی قلت نہیں ہے۔انتظامیہ بلاتعطل سپلائی کیلئے پٹرولیم کمپنیوں سے مکمل رابطے میں ہے۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قمر الزماں قیصرانی کو پٹرولیم کمپنیوں سے رابطے کیلئے فوکل پرسن بھی مقرر کیا گیا۔