طلبا کو صنعتی ضروریات کے مطابق تیار کرنا چاہیے؛ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

14

اسلام آباد،2نومبر  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ  تعلیم کے میدان میں ترقی کرکے پاکستان بڑی تیزی سے ترقی یافتہ ملک بنے گا، طلبا کو صنعتی ضروریات کے مطابق تیار کرنا چاہیے۔

  صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار منگل کو یہاں کنونشن سنٹر میں قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے2021 کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا  ۔ انہوں  نے کہا کہ   پاکستان میں اعلیٰ تعلیم پر توجہ بڑھ رہی ہے، یہ قوم ایک خاص مقصد اور منزل کے ساتھ ابھر رہی ہے، جمہوریت کی بنیاد پر پاکستان معرض وجود میں آیا اور ریاست مدینہ کی طرز پر چلنا ہے، ملک کو تعلیم اور ہائیر ایجوکیشن میں آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اخلاقیات کی بنیاد پر دنیا کا لیڈر بنے گا، برینڈ پاکستان کی بنیاد دیانتداری ہوگی۔

صدر نے کہا کہ قومیں قدرتی وسائل سے نہیں اذہان سے بنتی ہیں ، مونجوداڑو ہزاروں سال پہلے آباد ہوا لیکن آپ کو وہاں کوئی ہتھیار نہیں ملے گا، جرمنی اور جاپان نے دوسری عالمی جنگ کے بعد تعلیم کے ذریعے ترقی کی منازل طے کی ، پاکستان میں نوجوانوں کی تعداد زیادہ ہے جن پر توجہ دے کر انہیں اعلیٰ تعلیم یافتہ اور ہنر مند بنایا جاسکتا ہے۔