اسلام آباد،19نومبر (اے پی پی):قومی اسمبلی کا ہال او آئی سی کونسل آف فارن منسٹرز کے خصوصی سیشن کے لئے استعمال کرنے کی تحریک منظور کرلی گئی۔ جمعہ کو حکمران اتحاد کے چیف وہپ ملک عامر ڈوگر نے تحریک پیش کی کہ قومی اسمبلی ہال کو او آئی سی کی کونسل آف فارن منسٹرز کے خصوصی اجلاس کے لئے استعمال کرنے کی اجازت دی جائے۔ ایوان نے تحریک کی منظوری دے دی۔
قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری کی زیر صدارت شروع ہوا۔ اجلاس شروع ہوا تو حکمران اتحاد کے چیف وہپ ملک عامر ڈوگر نے اسمبلی ہال کو او آئی سی کے خصوصی سیشن کے لئے زیر استعمال لانے کی تحریک پیش کی جس پر اپوزیشن ارکان نے ایوان میں کھڑے ہوکر ” کورم کورم ” کی صدائیں بلند کرنی شروع کردیں، ڈپٹی سپیکر نے ملک عامر ڈوگر کی طرف سے پیش کردہ تحریک کی ایوان سے منظوری لی جس کے بعد انہوں نے قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کرنے کا صدارتی فرمان پڑھ کر سنایا اور اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا۔











