ملتان؛ملاوٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن،معروف ریسٹورنٹ کی اصلاح تک پروڈکشن بند کر دی گئی

32

ملتان، 22 نومبر(اے پی پی): پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن  کے دوران معروف ریسٹورنٹ کی اصلاح تک پروڈکشن بند کر دی ہے، بیکری کو 35 ہزار جبکہ پاپڑ فیکٹری کو 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی رفاقت علی نسوآنہ نے کہا کہ پروسیسنگ ایریا میں واش روم کی موجودگی پر ریسٹورنٹ کو بہتری تک پروڈکشن بند کرنے کی ہدایات جاری کیں ہیں اور  سٹوریج ایریا میں جانوروں کی باقیات، حشرات کی موجودگی پر بیکری کو بھاری جرمانہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ برتنوں کی صفائی کےلیے سرف کا استعمال، خوراک کو ڈھانپ کر نہیں رکھا گیا تھا،پاپڑ کی تیاری میں کھلے رنگ، میٹھا سوڈا استعمال کرنے پر سنیکس یونٹ کو جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

 ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ ایکسپائرد اشیائے خورونوش فروخت کرنے پر 2 کریانہ سٹورز کو 10، 10 ہزار روپے کے جرمانے کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کارروائیاں گول باغ، ماشاءاللہ لطیف ٹاؤن، محمود کوٹ اور شجاع آباد روڈ پر کی گئیں ہیں ۔

 رفاقت علی نسوآنہ نے کہا  کہ خوراک کے نام پر عوام کی صحت سے کھلواڑ کرنے والوں کو معاف نہیں کریں گے۔