ملتان، 03 نومبر(اے پی پی ):کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد اور ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے آٹے و چینی کی دستیابی کا جائزہ لینے اچانک مختلف بازاروں کے دورے کئے۔انہوں نے مختلف دکانوں پر فرداً فرداً آٹے و چینی کا معیار اور نرخ چیک کئے۔
اس موقع پر ڈاکٹر ارشاد احمد نے دکانداروں کی شکایت پر دو فلور ملز کی آٹا کوالٹی چیک کرنے کا حکم بھی دیا۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود نے پرائس میکنزم پر بریفنگ بھی دی۔
کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے شہریوں سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے خصوصی اقدامات پر عمل پیرا ہے،منڈیوں عام مارکیٹ تک سپلائی چین کو بھرپور مانیٹر کیا جارہا ہے تاکہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری چینی کی سپلائی سے عام آدمی کو واضح ریلیف ملا ہے اس سلسلے کو مزید بھی بڑھایا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ اشیاء خوردونوش کے نرخ متوازن رکھنے کیلئے نمایاں مقامات پر ڈی سی کاونٹرز قائم کردیے گئے ہیں جہاں عام مارکیٹ کی نسبت سستی اشیاءخوردونوش فراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہری غلہ و سبزی منڈیوں میں ہول سیل پوائنٹس سے بھرپور استفادہ کریں۔ضلعی انتظامیہ گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری رکھے گی۔
بعد ازاں کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد اور ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے سبزی منڈی کا بھی دورہ کیا۔کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے ٹماٹر کی نیلامی کا معائنہ کیا اور بریفنگ لی۔