ملتان؛ کھاد کی گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کیخلاف کریک ڈاؤن،4 گودام سیل، ایک ملزم گرفتار

17

ملتان، 18 نومبر (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے کھاد کی گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کیخلاف ایک اور میگا کریک ڈاؤن کیا۔کریک ڈاؤن کے دوران شجاع آباد میں کھاد کی ذخیرہ اندوزی پر 4 گودام سیل کردیے گئے جبکہ جلالپور کھاکھی میں ڈیلر کے گھر سے 1 ہزار بوری کھاد برآمد کرکے ملزم بھی گرفتار کرلیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر کے حکم پر اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد ناصر شہزاد ڈوگر نے محکمہ زراعت کے ہمراہ  آپریشن کی قیادت کی۔جلالپور کھاکھی میں ذخیرہ اندوزی کی  اطلاع ملنے پر ڈیلر غلام یسین کے گھر سے کھاد کی ایک ہزار بوری برآمد کی گئی غلام یسین سمیت  دیگر ذخیرہ اندوزوں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

اے سی شجاع آباد نے بتایا کہ کسانوں کو ریلیف دینے کیلئے کھاد کا ایک ذرہ ذخیرہ نہیں ہونے دینگے۔ڈپٹی کمشنر نے کھاد مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی کا ٹاسک دیا ہے۔غلام یسین کے گھر سے 30 لاکھ سے زائد مالیت کی کھاد قبصے میں لے لی گئی ہے جبکہ دیگر تمام 4 گودام سیل کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔