ملتان نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی ،غلام محمد کی تیز ترین سنچری ،مطلوب قریشی نے بھی تھری فیگر اننگ کھیلی

30

ملتان، 12 نومبر(اے پی پی ): ملتان نے سرگودھا کو دونوں میچز میں شکست دے کر آئی سی آر سی پریذنٹس ایس اے ایف ساتویں فزیکلی ڈس ایبلڈنیشنل ٹی20کرکٹ چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی ،فاتح ٹیم کے غلام محمد نے تیز ترین سنچری اسکور کر کے ڈس ایبلڈ کرکٹ کا نیا ریکارڈ بنا ڈالا انہوں نے 27گیندوں پر سنچری بنائی جبکہ مطلوب قریشی نے بھی شاندار سنچری اسکور کی ۔ دوسرے مرحلے کے سلسلے میں آج ایم سی سی گراءونڈ ملتان پر بہاولپور کا مقابلہ فیصل آباد سے ہوگا ۔ پاکستان فزیکلی ڈس ایبلٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر انتظام جاری نیشنل چیمپئن شپ کے دوسرے مرحلے میں جمعہ کو کھیلے گئے پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن ملتان نے پہلے کھیلتے ہوئے 20اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 249رنز کا پہاڑ جیسا اسکور بنا ڈالا ،اس کی جانب سے مطلوب قریشی نے 64گیندوں پر11چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست101رنز اسکور کیے جبکہ زمان علی نے 37گیندوں پر75اور جہانزیب ٹوانہ نے 18گیندوں پر45رنز بنائے ۔ سرگودھا ڈس ایبلڈ کی جانب سے خاور نے واحد وکٹ حاصل کی ۔ جواب میں سرگودھا کی ٹیم 19.4اوورز میں 79رنز پر ڈھیر ہو گئی ۔ احسن خلیل نے21رنز اسکور کئے ۔ ملتان ڈس ایبلڈ کی جانب سے ایم طارق نے 10رنز کے عوض تین جبکہ زبیر سلیم اور محمد آصف نے دو دو کھلاڑیوں کو آءوٹ کیا ۔ دوسرے میچ میں سرگودھا ڈس ایبلڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 7وکٹوں پر144رنز بنائے اس کی جانب سے ارشاد نے47گیندوں پر63اور خاور نے 35رنز بنائے ۔ ملتان کے ایم حارث نے4رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے ۔ جواب میں ملتان ڈس ایبلڈ نے مطلوبہ اسکور145رنز 8.1اوورز میں بغیر کسی نقصان کے بنالیا ۔ اس کی جانب سے غلام محمد نے 35گیندوں پر 125رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی جس میں 16چوکے اور چار چھکے شامل تھے،انہوں نے27گیندوں پر سنچری مکمل کی جو پاکستان میں ڈس ایبلڈ کرکٹ کی تاریخ کا نیا ریکارڈ ہے ۔ ماجد حسین نے12رنز بنائے ۔ غلام محمد کو دوسرے میچ کا مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔