ملتان،30نومبر (اے پی پی): ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی انتظامیہ نے کارکردگی کومزید مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے شہر اولیاء میں صفائی کی صورتحال مزید بہت بنانے اور کمپنی میں ڈسپلن قائم کرنے کے لئے اہم فیصلے کر لئے ہیں۔ اس کے علاوہ سموگ اور آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف کاروائی کے لئے انفورسمنٹ ونگ بھی تشکیل دے دیا ہے۔
ایم ڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی فخرالاسلام ڈوگر نے کمپنی انتظامیہ کے اہم اجلاس کی صدارت کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی میں ڈسپلن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،منیجر سے سینٹری ورکر تک تمام افسران اور اہلکار دفتری اوقات کار کی پابندی کریں۔انہوں نے کہا کہ کمپنی کے تمام آفیسرز اور منیجرز صبح9 بجے ہیڈ آفس حاضری یقینی بنائیں اور سہہ پہر4 بجے تک آفس موجود رہیں۔اس کے علاوہ پیشگی اطلاع کے بغیر کوئی منیجر اور ورکر رخصت پر نہیں جا سکے گا۔
فخرالاسلام ڈوگر نے کہا کہ سموگ اور آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف انفورسمنٹ ونگ تشکیل دے دیا گیا ہے،اب ویسٹ کو آگ لگانے والوں اور سڑکوں پر ملبہ پھیکنے والوں کو جرمانہ ہوگا اور مقدمات درج کئے جائیں گے۔ایم ڈی نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی کے لئے ویسٹ منیجمنٹ کمپنی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے ہدایت کی گردو غبار کے تدارک کے لئے شہر کی تمام بڑی شاہراہوں پر روزانہ چھڑکاؤ کیا جائے۔فخرالاسلام ڈوگر نے خراب مشینری کی مرمت کے لئے ٹائم لائن مقرر کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں کمپنی سیکرٹری محمد کبیر خان، چیف انٹرل آڈیٹر آصف طاہر ،منیجر آپریشن داود مکی،منیجر ہیومن ریسورس اینڈ ایڈمن عقیل احمد،چیف فنانشل آفیسر ساجدریاض،منیجر پروکیورمنٹ آصف شبیر ،منیجر انفورسمنٹ فہیم خان لودھی، منیجر آئی ٹی محمد عمران خان،منیجر ورکشاپ حسن امجد،ڈپٹی منیجر حبیب الظفر اور اسسٹنٹ منیجر کمیونیکیشن فریحہ زہرا نے شرکت کی۔