کوئٹہ،28نومبر( اے پی پی): وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے اتوار کے روز کوئٹہ شہر اور مضافاتی علاقوں کا دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے صوبائی ترقیاتی پروگرام سے تعمیر ہونے والے مشرقی بائی پاس تختانی تا فاروقیہ تبلیغی مرکز 3.1 کلومیٹر روڈ کا افتتاح کیا۔
وزیر اعلیٰ نے سریاب لنک بادینی روڈ، لنک شاوانی روڈ، زیر تعمیر بوائز انٹر کالج مشرقی بائی پاس، مرحوم عبدالرحیم مندوخیل پبلک لائبریری، گورنمنٹ مڈل سکول خلجی کالونی، مسلم اتحاد کالونی میں صفائی کی صورتحال اور شیخ زید ہسپتال کا بھی اچانک دورہ کیا۔
وزیراعلیٰ نے سریاب لنک بادینی روڈ کا دورہ کیا جہاں پر متعلقہ حکام کی جانب سے ان کو بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ مذکورہ روڈ سریاب روڈ کے متبادل کے طور پر بھی استعمال ہو سکے گا۔
وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت کی جس کے بعد وزیراعلیٰ نے لنک شاہوانی روڈ کا معائنہ کیا اور وہاں کام کی صورتحال بہتر نہ ہونے پر انکوائری کرنے کا حکم بھی دیا۔
وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر زیر تعمیر بوائز انٹرکالج مشرقی بائی پاس کا بھی دورہ کیا جہاں پر انھیں سیکرٹری بلڈنگ کی جانب سے منصوبے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر ہدایت کی کہ تعلیم ہماری حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے اور بوائز انٹر کالج کی زیر تعمیر اس عمارت کو ترجیحی بنیادوں پر جلد مکمل کیا جائے اور کسی کی کمی کوتاہی اور غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔انہوں نے اس موقع پر گورنمنٹ مڈل سکول خلجی کالونی کا بھی دورہ کیا جہاں وہ کلاس رومز بھی گئے وزیراعلیٰ اس موقع پر مرحوم عبدالرحیم مندوخیل پبلک لائبریری بھی گئے جہاں پر انہوں نے لائبریری کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ لائبریری میں ان ڈیجیٹل لائبریری کے قیام کے لیے کمپیوٹرز کے ساتھ ساتھ فرنیچر مہیا کرینگے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے مسلم اتحاد کالونی محمود آباد پل کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے ڈمپ شدہ کچرے کا جائزہ بھی لیا۔ وزیراعلیٰ اس موقع پر اچانک شیخ زید ہسپتال کے دورے پر گئے جہاں انہوں نے ہسپتال کے استقبالیہ پر اسٹاف کی عدم موجودگی، ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کی عدم موجودگی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس متعلق انکوائری کرنے کا حکم دیا۔
وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کے حاضری رجسٹر کو بھی چیک کیا۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر وہاں موجود مریضوں سے بات چیت بھی کی۔
اپنے دورہ کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام کے تعاون سے طرز حکمرانی میں بہتری لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو صفائی مہم نے کوئٹہ شہر میں شروع کی ہے اسے عوام کے تعاون سے ہی کامیاب بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ ترقیاتی کاموں میں کسی صورت کوئی سست روی برداشت نہیں کریں گے۔