اسلام آباد،25نومبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے بین الاقوامی کمپنیوں کو پاکستان میں اپنا کاروبار قائم کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، آئی ٹی و ٹیلی کام کمپنیاں پاکستانی نوجوانوں کی تربیت کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی کی منتقلی بھی کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملٹی نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کمپنی (وی آن ) کے گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر کان ترزیوگلو سے گفتگو کرتے ہوئے کیاجنہوں نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کی ممتاز بین الاقوامی کمپنیوں سے بہت استفادہ کر سکتے ہیں۔ پاکستانی نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں اور ہم پاکستان میں کاروبارقائم کرنے کے لئے بین الاقوامی کمپنیوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ وزیراعظم نے ٹیکنالوجی کی منتقلی اور نوجوانوں کی تربیت پر زور دیا ۔
وی آن کے سی ای او نے بگ ڈیٹا سلوشنز کے حوالے سے اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔
مشیر خزانہ شوکت فیاض ترین ، چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) عامر عظیم باجوہ، جاز کے سی ای او عامر ابراہیم بھی ملاقات میں موجود تھے۔