چاغی میں گھر گھر ووٹوں کی رجسٹریشن اور تصدیق کا عمل جاری ہے ، ڈویژنل الیکشن کمشنر رخشان

29

چاغی۔23نومبر  (اے پی پی):ڈویژنل الیکشن کمشنر رخشان ڈویژن طاہر حسن اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر عباس علی نے کہا ہے کہ چاغی میں گھر گھر ووٹوں کی رجسٹریشن اور تصدیق کا عمل جاری ہے لہذا شناختی کارڈ کے حامل شہری اپنے موجودہ یا مستقل پتے پر درج ووٹ کی تصدیق کرکے ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں۔ان کا کہنا تھا کہ ووٹ ایک قومی امانت ہے اس کے درست استعمال سے ملک و قوم کی تقدیر بدلی جاسکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ووٹوں کے اندراج اور تصدیق کی سالانہ جائزے کے تحت ضلع چاغی میں 7 اسسٹنٹ رجسٹریشن آفیسر، 15 سپروائزر اور 74 تصدیقی آفیسرز کام کررہے ہیں۔ ان کے مطابق ضلع چاغی میں اب تک رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد 112170 ہے جن میں روز بروز اضافہ ہوتا ہے کیونکہ شناختی کارڈ حاصل کرنے والے شہریوں کے ووٹ خودبخود درج ہوتے ہیں اگر پھر بھی کسی کا اندراج نہ ہو تو وہ فارم 13 کے ذریعے اس کا اندراج کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ شناختی کارڈ پر درج مستقل اور موجودہ پتے کے برخلاف صرف سرکاری ملازمین کا ووٹ ان کی جائے تعیناتی پر فارم 14 کے ذریعے منتقل کیا جاسکتا ہے۔