گلگت،20 نومبر (اے پی پی): وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا ہے کہ حکومت گلگت بلتستان ہیلتھ اور میڈیکل سائنس کے شعبے میں ترقی کیلئے اقدامات کررہی ہے، گلگت اور سکردو میں میڈیکل کالجوں کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں آغا خان میڈیکل سنٹر گلگت کے توسیع منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے مزید میڈیکل کالجوں کی تعمیر کے حوالے سے بھی پیش رفت ہورہی ہے، امید ہے مستقبل قریب میں آغا خان ہیلتھ سروسز بھی گلگت بلتستان میں میڈیکل کالج تعمیر کرے گا،ہماری توجہ اس بات پر مرکوز ہے کہ صوبے میں تعمیر ہونے والے میڈیکل کالجز کا معیار بہتر ہو۔
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ پرنس کریم آغا خان کے اداروں نے گلگت بلتستان میں صحت سمیت مختلف شعبوں میں قابل قدر کام کیا ہے، آغا خان میڈیکل سنٹر کے توسیع کا منصوبہ قابل تعریف ہے، اس منصوبے سے آغا خان میڈیکل سنٹر گلگت میں 112بیڈ کی گنجائش ہوگی۔انہوں نے کہا کہ آغا خان میڈیکل سنٹر گلگت نے معیاری صحت کی سہولیات فراہم کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔