ہماری حکومت صرف بلند و بانگ دعوے نہیں کرتی بلکہ عملی اقدامات اٹھانے پر یقین رکھتی ہے؛ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو

41

تربت، 29 نومبر(اے پی پی ): وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ ہماری حکومت صرف بلند و بانگ دعوے نہیں کرتی بلکہ عملی اقدامات اٹھانے پر یقین رکھتی ہے ۔ تربت سمیت بلوچستان کے تمام سرحدی علاقوں میں بنیادی مسئلہ روزگار کے حصول کا ہے جس کا بڑا انحصار بارڈر سے وابستہ ہے، بدقسمتی سے امن و امان کی وجہ سے بارڈر تجارت مکمل طور پر فعال نہیں ہے۔

  ان خیالات کا اظہار انہوں نے تربت میں  عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں صوبائی وزراء  انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان، کمشنر مکران ڈویژن، قبائلی عمائدین، علاقائی معتبرین،مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سمیت عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

 وزیراعلیٰ نے تقریب کے شرکاء کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ ان کے تربت آنے کا مقصد یہاں کے مسائل  کو خود  دیکھ کر ایک جامع منصوبہ بندی کے تحت انہیں حل کرنا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ وہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے  بارڈر ٹریڈ کو مکمل طور پر کھولنے کا اعلان کرتے ہیں اور اس حوالے سے تیل سے وابستہ کاروبار کے لیے ٹوکن سسٹم مکمل طور پر ختم کیا جا رہا ہے تاکہ سرحد کے دونوں جانب عوام آزادانہ طور پر شناختی کارڈ کے ساتھ تجارت کر سکیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کی ساحلی پٹی کی عوام کی کثیرتعداد ماہی گیری کے شعبے سے منسلک ہیں جس کے لیے ہم اس شعبے کی ترقی کے لئے خاطر خواہ اقدامات کر رہے ہیں۔ ضلع گوادر میں محکمہ ماہی گیری،پاکستان نیوی،اور میری ٹائم سکیورٹی سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو احکامات جاری کیے گئے ہیں کہ وہ بلوچستان کے حدود میں داخل غیرقانونی ٹرالنگ کے خلاف سخت کارروائی کرے تاکہ بلوچستان کے ماہی گیروں کے مفادات کا بہتر انداز میں تحفظ کیا جا سکے۔

 وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گوادر میں جاری دھرنے کے شرکاء کے اکثر مطالبات تسلیم کر لیے گئے ہیں جس پر عمل درآمد کے لئے چیک پوسٹوں کی کمی، گوادر شہر میں شراب کے کاروبار پر مکمل پابندی،ماہی گیروں کا تحفظ اور ٹوکن سسٹم کا خاتمہ شامل ہے۔انہوں  نے  کہا کہ سول ہسپتال تربت کے لیے سٹی سکین اور ایم آر آئی مشین کی خریداری کے لیے 26 کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری بھی  دی، مکران ڈویژن کے تمام  بنیادی مسائل کو خوش اصلوبی سے کیا جائے گا ۔