پشاور، 16 دسمبر(اے پی پی): ڈائریکٹر جنرل ریسکیو1122 ڈاکٹر خطیر احمد نے آرمی پبلک سکول کے شہدا ء کو خراجِ عقیدت اور ان ننھے پھولوں کی عظمت، شجاعت اور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 16 دسمبر واقعہ نے انمٹ نشانات چھوڑے ہیں، اور یہ واقعہ ہم چاہ کر بھی نہیں بھلا سکتے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کے لیے ریسکیو1122 ہیڈ کوارٹر میں کی گئی صبح فاتحہ خوانی کے موقع پر کیا۔
ڈاکٹر خطیر احمد نے اس موقع پر کہا کہ آج 16 دسمبر کو ریسکیو1122 کے صوبے بھر میں قائم ریسکیو سٹیشنز میں خصوصی دعائیہ اور فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا جارہاہے۔انہوں مزید کہا کہ وزیراعلی ٰخیبرپختونخوا نے دہشت گردی، قدرتی و ناگہانی واقعات میں بہترین خدمات فراہم کرنے پر ریسکیو1122 کا دائرہ کار صوبے بھر تک پھیلایا اور ریسکیو1122 کو دور حاضر کے جدید ترین آلات سے لیس کیا، جسکی بدولت ریسکیو1122 اس وقت صوبے کے 33 اضلاع میں خدمات فراہم کررہا ہے۔