اب تک 25 ہزار نو جوانوں کو ہنر مند بنا چکے ہیں،،وزیر مملکت فرخ حبیب کا قومی پاکستان آئی ٹی پروفیشنلز کانفرنس کے شرکا سے خطاب

28

فیصل آباد ۔10دسمبر  (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے فاسٹ نیشنل یونیورسٹی چنیوٹ کے فیصل آباد کیمپس میں منعقدہ دو روزہ قومی پاکستان آئی ٹی پروفیشنلز کانفرنس کے شرکا سے خطاب  کرتے ہوئے کہا کہ اب تک 25 ہزار نو جوانوں کو ہنر مند بنا چکے ہیں۔ انہوں نے نو جوانوں سے  کہا کہ آپ کا آئی ٹی کی فیلڈ کے ساتھ تعلق ہے اسلئے آپ کو چاہیے کہ آپ اپنے ملک کیلئے کام کریں۔انہوں نے کہا کہ ہماری آئی ٹی کی ایکسپورٹ2ارب ڈالر تک جا چکی ہے جس کو اس سال 3ارب ڈالر تک لے جا یا جائے گااسی طرح ہم نے کامیاب جوان پاکستان پروگرام کے تحت آپ نوجوانوں کو ایک ملین سے لے کر 2کروڑ روپے تک بہت ہی کم انٹرسٹ ریٹ پر بینکوں سے قرضہ کی سہولت فراہم کی جو پاکستانی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ملی تھی لہٰذا اس رقم سے نوجوان اپنا کاروبار شروع کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے 2لاکھ نوجوانوں کو مختلف سکلز میں آگے لے کر جانا ہے جن میں سے25 ہزار نوجوانوں کی مختلف سکلز میں سرٹیفکیشن ہو چکی ہے۔