احمد پور شرقیہ؛گورنمنٹ بوائز ہائی سکول جانووالا کے ٹیچر سید تصور علی بخاری کی ریٹائرمنٹ پر الوداعی تقریب کا انعقاد

87

احمد پور شرقیہ،23دسمبر(اے پی پی): گورنمنٹ بوائز ہائی سکول جانووالا کے ٹیچر سید تصور علی بخاری کی ریٹائرمنٹ پر ان کی تدریسی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا،جس میں سکول کے بچوں نے گارڈ آف آنر پیش کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل  نے کہا کہ استاد کبھی ریٹائر نہیں ہوتا وہ قوم کی رگوں میں خون بن کر زندہ رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ اپنی سروس کا دورانیہ اس انداز میں گزارتے ہیں کہ وہ زندگی بھر کیلئے امر ہوجاتے ہیں، تصور علی بخاری صاحب ایک شفیق استاد تھے، انہوں نے ہمیشہ اپنے  سٹاف کے ساتھ ہر وقت  رہنمائی کی اور کبھی کسی کے بارے میں قلم کا غلط استعمال نہیں کیا، ان کی تعلیم و تعلم کے حوالہ سے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں  اس تقریب میں فخر محسوس ہو رہا ہے کہ ہم  ایک ایسے استاد کی ریٹائرمنٹ کی تقریب میں شریک ہوئے ہیں  جنہوں نے ایک بھرپور تعلیمی زندگی پوری کی اوردوران سروس ایجوکیشن کے شعبہ میں تمام عہدوں سے کامیابی سمیٹی۔

ریٹائرہونے والے ٹیچر سید تصور علی بخاری   کو سکول کے پرنسپل نے قرآن پاک کا تحفہ پیش کیا اور دیگر  سٹاف نے اپنی طرف سے مختلف تحائف پیش  کیے۔ آخر میں سید تصور علی بخاری نے ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا۔