اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):ترکی کے وزیر خارجہ میولود چاوش او لونے افغانستان میں کسی بھی انسانی المیہ اور بحران کو روکنے کے لیے بھرپور کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم کو اس ضمن میں قائدانہ کردار ادا کرکے بین الاقوامی برادری کو فعال کردار ادا کرنے پر آمادہ کرنا چاہتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں اتوار کو یہاں اسلامی تعاون تنظیم کے وزراء خارجہ کی 17 ویں غیر معمولی کانفرنس سے ایشیا گروپ کی طرف سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ترک وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں معیشت کو منہدم ہونے سے بچانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں جو اس وقت مشکل حالات سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے 23 ملین عوام کو بھوک کا سامنا ہے۔ ترک وزیر خارجہ نے افغانستان میں انسانی بحران کو روکنے کے لیے پاکستان، او آئی سی اور اسلامی ترقیاتی بینک کی کوششوں اور کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زود دیا کہ او آئی سی کو یو این ایچ سی آر اور دیگر بین الاقوامی اداروں کے ساتھ کام کرنا چاہتے تاکہ افغانستان میں انسانی ہمدردی کے تحت امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نےکہا کہ افغانستان کی موجودہ صورتحال میں طالبان کے ساتھ بھی کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے افغانستان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے پاکستان، ازبکستان، انڈونیشیا اور دیگر ایشیائی ملکوں کے مثبت کردار کو سراہا۔











