اوکاڑہ،20دسمبر(اے پی پی): سول سیور فارکرائسٹ چرچ اوکاڑہ کے زیر اہتمام کرسمس کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لئے ڈسیپ آرگنائزیشن کے تعاون سے مسیحی مستحق بیوہ خواتین کی امداد کے لئے رقم تقسیم کرنے کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جسکے مہمان خصوصی ممبر قومی اسمبلی چودھری ریاض الحق جج تھے جبکہ مہمان اعزاز راحیل جولین اور سماجی تنظیم ماڈا کے صدر/جرنلسٹ محمد مظہررشید چودھری، اقلیتی کونسلر انعام اللہ تھے۔
اس موقع پرپادری عوبید کرامت نے کہا کہ غریب مستحق بیوہ خواتین کو امدادی چیک تقسیم کرنے کا مقصد انہیں کرسمس کی خوشیوں میں شریک کرنا ہے،تقریب میں 80سے زائد مسیحی بیوہ خواتین میں امدادی رقم تقسیم کی گئی ۔پادری عوبید کرامت نے ڈسیپ آرگنائزیشن کی جانب سے مسیحی برادری کے لیے کیے گئے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تقریبات کا مقصد انسانیت کی خدمت ہے ۔
ممبر قومی اسمبلی چودھری ریاض الحق جج نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کی ترقی میں مسیحی بھائیوں نے جو کردار ادا کیا ہے کہ وہ تاریخ کا حصہ ہے قیام پاکستان سے لیکر آج تک مسیحی برادری پاکستان کے امن ترقی، خوشحالی کے لئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے ، انہوں نے کہاکہ فلاح و بہبود کے بے لوث کام کرنے پر پادری عوبید کرامت اور اُنکی ٹیم کی صلاحیتیں قابل فخر ہیں پاکستان میں تمام اقلیتوں کو برابر کےحقوق حاصل ہیں ہمیں پاکستان کے روشن مستقبل کے لئے اور انسانوں کی بہتری کے لئے مذہب، رنگ، نسل، عقیدہ اور فرقہ سے بالا ترہو کر کام کرنا ہے۔
سماجی تنظیم ’ماڈا‘ کے صدر محمد مظہررشید چودھری نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے کوششیں جاری رہنی چاہئیں، وطن عزیز پاکستان کی تعمیرو ترقی میں مسیحی برادی نے ہمیشہ بھرپور کرداراداکیا۔
تقریب کے اختتام پر مسیحی بیوہ خواتین کے ساتھ ملکر ریاض الحق جج ، محمد مظہررشید چودھری ، پاسٹرعوبید کرامت، راحیل جولین، انعام اللہ نے کیک کاٹا اور وطن عزیز پاکستان کی سلامتی امن و امان کے لیئے خصوصی دعا کی۔











