اوکاڑہ،21دسمبر(اے پی پی): کمشنرساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے کہا ہے کہ ضلع میں مربوط ترقی کے عمل کو آگے بڑھانے، لوگوں کے مسائل کے حل اور مشکلات کے ازالہ کے لئے سرکاری دفاتر تمام وسائل بروئے کار لائیں اور افسران اپنے زیر انتظام سرکاری معاملات میں “ریڈ ٹیپ ازم” کو ختم کرتے ہوئے لوگوں کو ریلیف دیں،دفاتر میں ریکارڈ سمیت دیگر شعبہ جات کے لئے ڈیجیٹل پروگرام کا فائدہ عوام کو ہونا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع اوکاڑہ میں تحصیلدار آفس ،دیہی مرکز مال میں ڈیجیٹل گردآوری کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اور انہوں نے اوکاڑہ بائی پاس کے قریب ڈیجیٹل گردآوری کئے جانے کے عمل کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہاکہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے جہاں ہفتوں، مہینوں کا کام گھنٹوں میں مکمل ہو گا وہیں پر بد عنوانی کا خاتمہ ہوگا ، سروس ڈیلیوری بہتر ہو گی اور زمین کے مالکان کو گردآوری سمیت اپنی زمینوں کے دیگر ریکارڈ کے حصول میں آسانی ہوگی۔
دورہ کے دوران ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کمشنر ساہیوال کو ضلع میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں،ضلع میں کیمیائی کھادوں کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی ۔اس موقع پر جنرل اسسٹنٹ ریونیو ملک محمد افضل اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مدثر فارقلیط بھی موجود تھے۔











