اسلام آباد، 21 دسمبر (اے پی پی): پاکستان نیوی کیڈٹ کالج اورماڑہ میں5ویں سالانہ یوم والدین کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی تھے۔امیر البحر نے بلوچستان میں تعلیم کے فروغ کے لئے کیڈٹ کالج اورماڑہ کے کردار کو سراہا۔
نیول چیف نے کہا کہ کیڈٹ کالج اورماڑہ بلوچستان کی سماجی اور معاشی ترقی کے لئے پاک بحریہ کے عزم کا مظہر ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پرنسپل کیڈٹ کالج اورماڑہ نے گزشتہ سال کے دوران کالج کی کارکردگی کا جائزہ پیش کیا۔تقریب میں کیڈٹس نے پریڈ، پی ٹی، جمناسٹکس اور رائفل ڈرل کا شاندار مظاہرہ کیا۔آخر میں نیول چیف نے گزشتہ سال میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس اور اساتذہ میں انعامات تقسیم کیے۔











