اوکاڑہ،24دسمبر(اے پی پی): ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدرکےامیدوار راﺅعابد مشتاق ایڈووکیٹ نےکہا کہ ملک میں جمہوریت کی مضبوطی اور اداروں کے استحکام کیلئےبھی خواتین وکلاء کا کردار ہمیشہ اہم رہا ہے، خواتین وکلاءنے ہمیشہ آئین و قانون کی بالادستی کیلئے ہمارا بھر پور ساتھ دیا ہے۔اگر اللہ تعالیٰ نے کامیابی سے نوازا تو خواتین وکلاء کے لئے چیمبرزکےحصول کو یقینی بنائیں گے،جونیئر وکلاءکی حوصلہ افزائی کی جائیگی، منتخب ہو کر بارکی فلاح و بہبود کیلئے کام کرونگا۔
ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اوکاڑہ کے سالانہ انتخابات میں صدرکےامیدوار راﺅعابد مشتاق ایڈووکیٹ نے سابق سینئر نائب صدر صائمہ رشید ایڈووکیٹ کی طرف سےمنعقدہ تقریب میں خواتین وکلاءگروپ کے ہمراہ حمایت حاصل ہونے کے موقع پر کیا۔
راﺅ عابد مشتاق نے کہا کہ میں نے ہمیشہ وکلاءبرادری کے ساتھ مل کر کالے کوٹ اور آئین و قانون کی عزت میں اضافے کیلئے کام کیا ہے، آئندہ بھی آئین و قانون کی بالادستی کیلئے جدوجہد جاری رکھوں گا۔ انہوں نے سابق سینئر نائب صدر ڈسٹرکٹ بار صائمہ رشید ایڈووکیٹ کی جانب سے حمایت پر انکااور ان کے گروپ کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر سابق جنرل سیکرٹری بار نعیم اللہ چودھری ، سینئر خواتین وکلاء عظمی جمیل ، الفت جبین ودیگر بھی موجود تھے۔
سورس:وی این ایس،اوکاڑہ











