اوکاڑہ،02دسمبر( اے پی پی): ایس پی انوسٹی گیشن معاذظفر نے کہا کہ سماج دشمن عناصرکے خلاف کی جانے والی کامیاب کارروائیوں میں پولیس کا اہم رول ہے،کریمنل جسٹس سسٹم کا دارومدار پولیس کی معیاری انوسٹی گیشن پر ہے۔
ان خیالات کا اظہار ایس پی انویسٹی گیشن معاذظفرنے سماجی تنظیم “ماڈا” کے صدر/جرنلسٹ محمد مظہررشیدچودھری اور سابق سینئرنائب صدر ڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشن اوکاڑہ مس صائمہ رشیدایڈووکیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے شعبے کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئےحکومت نےخصوصی دلچسپی لی تاکہ معیاری اور حقیقی پولیسنگ کو پیشہ وارانہ کامیابیوں کی انتہا پر پہنچایا جا سکے.
ایس پی انوسٹی گیشن معاذظفر نے کہا کہ مظلوم کی مدد اور ظالم کو اسکے انجام تک پہنچانے کے لئے انوسٹی گیشن میں کسی بھی قسم کی مداخلت کو برداشت نہیں کیا جا ئے گا تاکہ معیاری تفتیش کی بنا پر عدالتوں سے ملزموں کو سزا مل سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ ظالم کو مظلوم اور مظلوم کو ظالم بنانے پر تفتیشی افسران پربڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے،تاہم فرانزک سائنس لیبارٹری کی مدد سے انوسٹی گیشن کے عمل کو مزید بہتر کرنے میں بڑی مدد ملی ہے۔
ایس پی انوسٹی گیشن معاذ ظفر نے کہا کہ میں نے تفتیشی افسران کو خصوصی ہدایات دی ہیں کہ اللہ تعالی کی خوشنودی اور اپنے فرائض کی بہترادائیگی کے لئے کسی طاقت ور کے اثر کو خاطر میں نہ لائیں۔ انہوں نے کہا کہ سماجی تنظیمیں،شعبہ صحافت سے وابستہ افراداور پولیس ملکر معاشرے کے مجبور طبقات کوبااثرافراد کی چیرہ دستیوں سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔
اس موقع پر پی آر او ٹو ( ڈی پی او) خالد محمود جٹ،نوجوان صحافی ،سماجی کارکن عرفان اعجاز بھی موجود تھے۔
سورس:وی این ایس، اوکاڑہ