فیصل آباد۔18دسمبر (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے ہفتہ کی شام داؤ دنگر وارث پورہ فیصل آبادمیں مسیحی برادری کی جانب سے کرسمس کا کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہا او آئی سی اجلاس کے ذریعے افغانستان کی موجودہ صورتحال سے دنیا کو آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نےکہاکہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت وطن عزیز کی کھوئی ہوئی ساکھ بحال کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے جس کی تازہ ترین مثال اسلام آباد میں او آئی سی کے پلیٹ فارم پر منعقد ہونیوالی دنیا بھر کے او آئی سی کے رکن مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ کی کانفرنس ہے جس میں تمام اہم مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ اور ان کے وفود شرکت کررہے ہیں جو ان کے پاکستان پر اعتماد کا مظہر ہے جس پر وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی خصوصی طور پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کے انعقا د کا اہم مقصد یہ ہے کہ چونکہ موسم تیزی سے تبدیل ہورہا ہے اور سردی کی شدت میں اضافہ کے باعث ہمارے افغان عوام سخت مشکلات کا شکار ہیں اسلئے اس کانفرنس کے ذریعے نہ صرف امت مسلمہ بلکہ عالم اقوام کی توجہ اس جانب مبذول کروائی جائے گی کہ وہ افغان عوام کی مدد کریں ۔











