فیصل آباد۔18دسمبر (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے ہفتہ کی شام داؤ دنگر وارث پورہ فیصل آبادمیں مسیحی برادری کی جانب سے کرسمس کا کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہا 120 ارب روپے سے احساس راشن کارڈ لارہے ہیں جس سے عوام کو آٹا، چینی اور گھی سمیت بنیادی اشیائے ضرورت سستے داموں ملیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی مؤثر پالیسیوں کی وجہ سے جہاں زرعی و غذائی اجناس کی ریکارڈ پیداوار ہورہی ہے وہیں اشیائے ضروریہ خصوصاً سبزیوں وغیرہ کی قیمتیں بھی تیزی سے نیچے آرہی ہیں یہی نہیں بلکہ آلو، پیاز، ٹماٹر وغیرہ کی قیمتیں اس سال گزشتہ سال کی نسبت بہت کم ہیں نیز عالمی سطح پر بھی کورونا سے متاثرہ مارکیٹوں میں استحکام آنا شروع ہوگیاہے ، جوں جوں عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہوتی جائیں گی ہم بھی قیمتوں میں کمی لاتے جائیں گے جس کی تازہ مثال پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھیں مگر ہم نے اپنا17 فیصد سیلز ٹیکس اور پٹرولیم لیوی کم کرکے عوام کو تمام ممکن ریلیف دیا اور جس حساب سے قیمتیں بڑھیں اس تناسب سے بوجھ عوام پر پاس آن نہیں کیا لیکن جوں جوں مزید کمی ہوئی ہم بھی عوام کو ریلیف دیتے جائیں گے۔











