بائیو میٹرک تصدیق سروس سے عمر رسیدہ پنشنرز کو آسانی میسر ہوگی، صدر مملکت  ڈاکٹر عارف علوی  کا  پنشنرز کی بائیو میٹرک تصدیق کے نظام  کے افتتاح کی تقریب سے خطاب

17

اسلام آباد۔10دسمبر  (اے پی پی):صدر مملکت  ڈاکٹر عارف علوی نے پنشن کی شفاف تقسیم کے لئے پنشنرز کی بائیو میٹرک تصدیق کے نظام کا افتتاح کیا ہے جس سے 14 لاکھ پنشنرز میں ہر ماہ  60 ارب روپے کی رقم شفاف طریقے سے تقسیم کرنے کو یقینی بنایا جائے گا۔ جمعہ کو اے جی پی آر میں پنشنرز کے لئے ڈیجیٹل سہولت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے اطمینان ظاہر کیا کہ اس اقدام سے نہ صرف پنشنرز کی ذاتی تصدیق کے نظا م میں بہتری آئے گی بلکہ جعلی شناخت کی روک تھام بھی یقینی بنائی جا سکے گی۔ انہوں نے کہا  کہ اس نظام سے نہ صرف پنشنرز کی مشکلات کا ازالہ ہو گا بلکہ ان کی شفاف ڈیٹا بیس کی راہ ہموار کرنے اور گھوسٹ پنشنرز کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔ انہو ں نے پنشنرز کو سہولیات فراہم کرنے اور پنشن کی تقسیم میں شفافیت یقینی بنانے کے لئے بائیو میٹرک کی تصدیق کو اہم قدم قرار دیا۔