اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جمعرات کو یہاں آئی ایس ایس آئی کے زیر اہتمام ‘‘پرامن اور خوش حال جنوبی ایشیاء’’ کے عنوان سے ‘اسلام آباد کانکلیو ’ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیانیے کی تشکیل اور انکا فروغ ایک قومی ذمہ داری ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ خطے اور دنیا میں امن، ترقی اور خوش حالی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لئے ہم اجتماعیت کے حامل عالمی نظام (گلوبل آرڈر) کی حمایت ہمیشہ جاری رکھیں گے۔ ہم بیانیوں کے دور میں جی رہے ہیں۔ پاکستان کے بیانیوں کی تشکیل اور ان کا فروغ ہم سب کے لئے ایک قومی ذمہ داری ہے۔ فیصلہ سازوں اور محقیقین کے درمیان خلیج کو پاٹنا ہوگا اور اتفاق رائے کے حامل بیانیوں کو پیش کرنا ہوگا، ’اسلام آباد کانکلیو‘ جیسے فورمز اس ضمن میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔