ملتان، 31 دسمبر(اے پی پی ): صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و کلچر پنجاب محمد ندیم قریشی نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کےلئے سارے وسائل استعمال کئے جا رہے ہیں۔
یہ بات انہوں نے یونین کونسل نمبر 26 محلہ عارف پورہ اور اقبال نگر میں ایک کروڑ کی لاگت سے 31 گلیوں کی تعمیر و مرمت کا کام مکمل ہونے پر انکا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ محمد ندیم قریشی نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے اندرون شہر کے باسیوں کا دیرینہ مطالبہ پورا کر دیا گیا ہے۔ گلیوں کی سولنگ، ٹف ٹائل کی تنصیب اور نکاسی آب کے منصوبے مکمل ہونے سے مقامی آبادی کو آمدورفت میں سہولتیں میسر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ پی پی 216 سمیت شہر بھر میں ترقیاتی کاموں کی رفتار کو مزید تیز کر دیا گیا ہے تاکہ عوام کو جلد از جلد حقیقی ریلیف مل سکے۔
صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و کلچر پنجاب محمد ندیم قریشی نے کہا کہ بزدار حکومت نے 360 ارب روپے کا تاریخی ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج دے کر وسائل کا رخ پسماندہ علاقوں کی طرف موڑ دیا ہے جبکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے حجم میں 85ارب روپے کا اضافہ کیا گیا ہے اور زیادہ سے زیادہ وسائل لوگوں کی فلاح و بہبود پر خرچ کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نےکہا کہ اپوزیشن نے قومی اسمبلی میں غیر جمہوری اور غیر پارلیمانی طرز عمل اختیار کر کے اپنی اصلیت ظاہر کر دی ہے۔
محمد ندیم قریشی نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ اپوزیشن ٹولے نے ہمیشہ جمہوری، آئینی اور پارلیمانی روایات کو پامال کرکے خود نمائی کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں اپوزیشن کا رویہ ملکی مفاد اور استحکام کے منافی ہے یہ لوگ مہنگائی کی آڑ میں ملکی سالمیت اور استحکام کو داو پر لگا رہے ہے جبکہ پی ٹی آئی کی حکومت عمران خان کی قیادت میں عوام کے مسائل کے حل اور خوشحالی کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ مہنگائی کے جن کو قابو کرنے کےلئے منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے اور اس سلسلے میں مثالی سبسڈی دی جا رہی ہے تاکہ مستحق اور معاشی طور پر کمزور طبقے کو ریلیف مل سکے۔
اس موقع پر باو اسلم انصاری، اضغر بھورا، ڈاکٹر مشتاق، بشیر احمد، شیخ عارف، باباجمال، دانش خان، عبدالزاق انصاری اور دیگر بھی موجود تھے۔











