جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں مرحلہ وار تمام محکمے منتقل کئے جائیں گے؛چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل

31

ملتان، 25دسمبر(اے پی پی):چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت جنوبی پنجاب کی بھرپور ترقی کی خواہاں ہے،جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں مرحلہ وار تمام محکمے منتقل کئے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول سیکرٹریٹ ساوتھ پنجاب میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر نے اجلاس کو بریفنگ دی۔ جنوبی پنجاب کے تمام ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز اجلاس میں شریک ہوئے۔

 چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے کہا کہ چیف سیکرٹری پنجاب کے طور پر جنوبی پنجاب کے ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز کے اجلاس کی صدارت میرے لئے اعزاز ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت جنوبی پنجاب کی بھرپور ترقی کی خواہاں ہے ۔

 چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز اور سیکشن آفیسرز کے تبادلوں کے اختیارات جلد جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ منتقل کردئےجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں مرحلہ وار تمام محکمے منتقل کئے جائیں گے۔

 چیف سیکرٹری نے جنوبی پنجاب کے ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز کی کارکردگی کی تعریف کی اور   کہا کہ سیکرٹریز کی کارکردگی جانچنے کے لئےاشاریے اور ریٹنگ متعارف کرادی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیکرٹریز کی کارکردگی کو ان اشاریے کے ذریعے پرکھا جائے گا ، سیکرٹریز حکومت کی پالیسی پر عملدر آمد یقینی بنائیں۔

 چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل ترجیحات میں شامل کیا جائے، افسران سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے صحت اور تعلیم کے شعبے میں اقدامات قابل ستائش ہیں۔

 چیف سیکرٹری نے ٹرانس جینڈر اور صبح نو سکول اور آن لائن روشنی میگزین کی کاوش کو بھی سراہا۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ آم،گندم،کپاس اور  دوسری زرعی اجناس کی  پیداوار کے حوالے سے اس خطے کا اہم مقام ہے ۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی بلڈنگ کی تعمیر پر کام جاری ہے ،اگست2023 میں منصوبہ مکمل ہوجائے  گا۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بہاولپور کی بلڈنگ کے لئے400 کنال اراضی الاٹ کردی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے لئے189 ارب روپے بجٹ میں مختص کئے گئے ہیں ، ترقیاتی منصوبوں پر45 فیصد بجٹ خرچ کیا جا چکا ہے ،جنوبی پنجاب کے11 اضلاع میں1541ترقیاتی منصوبے تیار کئے گئے ہیں ۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ 1441 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی جا چکی ہے ، جنوبی پنجاب میں53 ارب روپے کی لاگت سے میگا پراجیکٹ شروع کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میگا پراجیکٹس کے لئے5ارب96 کروڑ روپے جاری کردئے گئے ہیں۔

 بریفنگ میں بتایا گیا کہ صحت کے شعبے میں میگا پراجیکٹس کی تکمیل سے صحت کی سہولیات میں اضافہ ہوگا ، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ نے تعلیم کے شعبے میں  سکول اولمپکس اور سٹوڈنٹس کونسلز کے قیام کا اعزاز حاصل کیا ہے جبکہ جنوبی پنجاب میں تاریخی ورثے کے تحفظ کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔

 بریفنگ میں کہا  گیا کہ جنوبی پنجاب کے سیکرٹریز کی مانیٹرنگ کی وجہ سے محکموں کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔

 چیف سیکرٹری کو کو محکمہ صحت اور تعلیم کے شعبے میں اقدامات بارے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

سورس: وی این ایس، ملتان