جیکب آباد؛ حلقہ این اے 196  کے  ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل شروع

22

جیکب آباد ، 10 دسمبر (اے پی پی ): جیکب آباد کے قومی حلقہ NA 196 پر الیکشن ٹربیونل سکھر کے احکامات پر اعجاز حسین جکھرانی کی درخواست پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل جمعہ  کے روز سیکنڈ ایڈیشنل سیشن جج اور ریٹرننگ آفیسر غلام علی کناسرو کی سربراہی میں شروع ہوچکا  ہے۔

پیپلز پارٹی کے صوبائی مشیر اعجاز حسین جکھرانی اور جے یو آئی سمیت دیگر امیدوار عدالت میں پیش ہوئے،پی ٹی آئی کے وفاقی وزیر محمد میاں سومرو مصروفیات کے باعث عدالت میں پیش نہ ہوسکے۔

وفاقی وزیر محمد میاں سومرو کے حمایتی میر اصغر پنہور اور وکلاء عدالت میں پیش ہوئے۔

ریٹرننگ آفیسر نے قومی حلقہ NA 196 کی 472 پولنگ اسٹیشنز کے ووٹنگ کی گنتی کا عمل شروع کردیا، پیپلز پارٹی کے اعجاز جکھرانی نے 2018 کے عام انتخابات میں دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے الیکشن ٹربیونل میں دوبارہ گنتی کی اپیل دائر کی تھی۔گزشتہ ہفتے الیکشن ٹربیونل سکھر نے 30 دن کے اندر دوبارہ ووٹوں کی گنتی کا حکم جاری کیا تھا۔2018 کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے محمد میاں سومرو 92ہزار 274 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے تھے،پیپلز پارٹی کے امیدوار اعجاز جکھرانی 86ہزار 876 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر آکر ہار گئے تھے جبکہ  اس سلسلے میں عدالت میں سماعت کے دوران سیکیورٹی کے انتظامات سخت کیے گئے۔