خصوصی افراد کے عالمی دن کے حوالے سے حیدرآباد  جی او آر کالونی تک  ریلی کا انعقاد

45

حیدرآباد، دسمبر 3 (اے پی پی) خصوصی افراد کے عالمی دن کے حوالے سے اسپیشل ایجوکیشن  حیدرآباد کے پانچ مراکز کی جانب سے سرکٹ ہائوس حیدرآباد سے جی او آر کالونی تک  ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت ڈویزنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے کی۔ ریلی کے اختتام پر شرکا کو خطاب کرتے ہوئے کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے کہا کہ خصوصی افراد بھی ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں، جن پر تھوڑی سی توجہ اور بہتر تربیت کے ذریعے انہیں معاشرے کا مثبت شہری بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معذور بچوں کو خصوصی بچے کہہ کر پکارا جائے اور ان میں سے احساس محرومی ختم کرکے ایسا اعتماد دیا جائے جس سے ان کے آگے بڑھنے میں مدد مل سکے۔ انہوں نے خصوصی بچوں کے اداروں میں تعینات اساتذہ کو اپیل کی کہ وہ اس کام کو ملازمت سمجھ کر نہیں بکہ والدین کی طرح ان کی ایسی تعلیم و تربیت کریں کہ وہ بوجھ نہ بنیں بلکہ آگے چل کر معاشرے کے کارآمد شہری بن کر ملک و قوم کی ترقی میں اپنا  حصہ ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حوصلہ افزائی کی جاے تاکہ وہ اعتماد سے دوسروں کے ساتھ کھڑے ہوسکیں۔  سرکاری محکموں میں معذور افراد کی بھرتی میں مقرر کردہ کوٹہ پر ہر حال میں عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس موقع پر ریلی کو ڈپٹی ڈائریکٹر اسپیشل ایجوکیشن منیر احمد بھٹی، گورنمنٹ اسپیشل ایجوکیشن سینٹر برائے جسمانی معذوری حیدرآباد کے پرنسپل میر احسان تالپور، گورنمنٹ اسپیشل ایجوکیشن سینٹر برائے ذہنی معذور کے پرنسپل خالد سلیمان خاصخیلی اور دیگر نے اپنے طاب میں معذور افراد کے عالمی دن کی مناسبت سے ان کے حقوق پر روشنی ڈالی اور مسائل کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آج وعدہ کرنا ہوگا کہ ان بچوں کو معذور نہیں کہا جائے گا بلکہ انہیں خصوصی بچے کہا جائے گا۔ انہوں نے اپیل کی کہ معذور افراد کے لئے میڈیکل کارڈ جاری کیا جائے اور خصوصی بچوں کے مراکز کی تعداد بڑہائی جائے۔